ہفتہ، 16 اکتوبر، 2021

کیا مسیحی صرف اس لئے یسوع کو خُدا مانتے ہیں کیوںکہ اُس نے معجزے کیئے؟

  کیا مسیحی صرف اس لئے یسوع کو خُدا مانتے ہیں

 کیوںکہ اُس نے معجزے کیئے؟

چند سوالات ہیں جو اکثر مسیحیوں سے پوچھے جاتے ہیں اُن سوالات میں سے ایک سوال یہ ہے کہ کیا یسوع خُدا ہے؟اور پھر یہ سوال پوچھنے کہ ساتھ ساتھ اسی موضوع کے متعلق اور بھی سوالوں کا ذکر کیا جاتا ہے مثلاً کہ 1) بائبل میں کہاں یسوع نے کہا کہ میں خُدا ہوں؟
2) یسوع انسان ہے اسی لئے وہ خُدا نہیں ہوسکتا کیونکہ کلام میں لکھا ہے کہ خُدا انسان نہیں ہے؟
3) یسوع صلیب پر مر گیا اسی لئے یسوع خُدا نہیں ہو سکتا؟ 4)
کیا آپ یسوع کو اس لئے خُدا مانتے ہیں کیونکہ اُس نے کئی معزات کئے اگر ہاں تو آپ کو چاہیئے کہ دوسرے نبیوں کو بھی خُدا مانے کیونکہ اُنہوں نے بھی کئی معجزات کئے؟ 
آج سوال نمبر چار کا تنقیدی جائزہ لیں گے کہ کیا یسوع اس لئے خُدا ہے کیونکہ اُس نے کئی معجزات کئے؟
اس سوال کا جواب دینے سے پہلے میں چاہتا ہوں کہ عہدِ عتیق میں سے چند ایسی مثالیں پیش کی جائیں جن کا اکثر ہمارے بھائی حوالہ دیتے ہیں۔ 
1) مردہ کو زندہ کرنا ۔
  ایلیاہ اور الیشع نے مردہ کو زندہ کیا 
1-سلاطین 17: 20-23 مزید دیکھیں 2- سلاطین4: 30-36
بائبل کے مطابق یسوع المسیح نے صرف زندگی کو بحال کیا ۔ جبکہ موسیٰ نے لکڑی کی لاٹھی سے ایک زندہ سانپ پنا دیا۔ خروج 4: 2-4
2) اندھوں کو بینائی دینا: 
 2- سلاطین 6: 15-24 الیشع نے اندھے کو بینائی دی۔
3) کوڑھیوں کو شفا دینا:
  2- سلاطین5: 10-14 الیشع نے کوڑھی کو شفاہ دی۔
یہ چند مثالیں میرے مولا کی انفرادیت اور الوہیت کو کمزور کرنے کی کوشش میں پیش کی جاتی ہیں۔
پہلی بات ، یہ صرف اتنے ہی معجزات نہیں ہیں جو مولا مسیح کو خدا بناتے ہیں ،بلکہ اُسکا کلام اور اُس کے دعوے اُس کو خُدا ماننے پر مجبور کردیتے ہیں۔ کیونکہ جو اُس نے دعوے کئے کوئی بڑے سے بڑا نبی نہیں کر سکا۔ جو اُس نے معجزات کئے وہ اُس نے اپنے دعووں کو سچا ثابت کرنے کے لئے کئے۔
(یوحنا 14: 9۔11) "یِسُوع نے اُس سے کہا اَے فِلِپُّس ! مَیں اِتنی مُدّت سے تُمہارے ساتھ ہُوں کیا تُو مُجھے نہیں جانتا؟ جِس نے مُجھے دیکھا اُس نے باپ کو دیکھا ۔ تُو کیوں کر کہتا ہے کہ باپ کو ہمیں دِکھا؟۔ کیا تُو یقِین نہیں کرتا کہ مَیں باپ میں ہُوں اور باپ مُجھ میں ہے؟ یہ باتیں جو مَیں تُم سے کہتا ہُوں اپنی طرف سے نہیں کہتا لیکن باپ مُجھ میں رہ کر اپنے کام کرتا ہے۔میرا یقِین کرو کہ مَیں باپ میں ہُوں اور باپ مُجھ میں ۔ نہیں تو میرے کاموں ہی کے سبب سے میرا یقِین کرو۔"
مزید دیکھیں (یوحنا 15: 24)،(یوحنا 10: 25-39)
ان آیات سے یہ ثابت ہوا کہ صرف معجزات یسوع کو خدا نہیں بناتے بلکہ مولا مسیح کے اپنے دعووں سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ خدا ہے۔ معجزات نے صرف مسیح کے دعوؤں کے لئے خدائی جواز فراہم کرنے کا مقصد انجام دیا۔
 اب کچھ مخصوص معجزات پیش کروںگا۔ جو یہ ثابت کرتے ہیں کہ مولا مسیح کے  پاس مخصوص الہی صفات اور صلاحیتیں ہیں۔ جو میرے مولا کو خدا ثابت کرتی ہیں۔
میرے مولا کے پاس گُناہ معاف کرنے کی قدرت ہے۔ (گُناہ معاف صرف خُدا کی ذات کر سکتی ہے) یہاں تک بڑے سے بڑا نبی بھی خُدا سے منت کرتے تھے کہ خُدا اُن گُنا معاف کرے۔
(مرقس 2: 5-7) یِسُو ع نے اُن کا اِیمان دیکھ کر مفلُوج سے کہا بیٹا تیرے گُناہ مُعاف ہُوئے۔ مگر وہاں بعض فقِیہہ جو بَیٹھے تھے ۔ وہ اپنے دِلوں میں سوچنے لگے کہ۔ یہ کیوں اَیسا کہتا ہے؟ کُفر بکتا ہے خُدا کے سوا گُناہ کَون مُعاف کر سکتا ہے؟۔
میرے مولا کے پاس جسمانی اور روحانی امراض کو دُور کر دینے کا اختیار ہے۔
(مرقس 3: 10۔11)کیونکہ اُس نے بُہت لوگوں کو اچّھا کِیا تھا ۔ چُنانچہ جِتنے لوگ سخت بِیمارِیوں میں گرِفتار تھے اُس پر گِرے پڑتے تھے کہ اُسے چُھو لیں۔ اور ناپاک رُوحیں جب اُسے دیکھتی تِھیں اُس کے آگے گِر پڑتی اور پُکار کر کہتی تِھیں کہ تُو خُدا کا بیٹا ہے۔
مذید دیکھیں (متی 14: 22-33) ، (لوقا 10: 17۔20)
میرے مولا سیدنہ مسیح سلام و علینہ رازق اور زندگی کا منبع ہیں۔
(یوحنا 6: 5-15 ، 26-42 ، 47-59 ) (یوحنا 11: 1-3، 23-27، 38-43) ان آیات کا مطالعہ کریں
چند ایک آیات پیشِ خدمت ہیں جن میں یسوع دعوہ کیا کہ وہ باپ کے برابر ہے۔
(یوحنا 5: 2-10، 16-21 ، 25-26 ، 28-29) ان آیات کا مطالعہ کریں  
کبھی بھی کسی نبی یا رسول نے یہ دعویٰ نہیں کیا جو خداوند یسوع نے کیا، انبیاء یہ کہتے تھے کہ وہ عیب دار انسانوں کے علاوہ اور کچھ نہیں جن کو خدا نے اپنے مخصوص مقصد اور ارادے کو انجام دینے کے لئے اختیار دیئے۔ یہ خداوند یسوع کے بالکل برعکس ہے۔ جو یہ کہتا ہے کہ " اب اے باپ! تو اُس جلال سے جو میں دُنیا کی پیدائش سے پیشتر تیرے ساتھ رکھتا تھا مُجھے اپنے ساتھ جلالی بنا دے۔ (یوحنا5:17)
اس کے ساتھ ساتھ میرے مولا کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ دوسروں کو معجزے کرنے کی قُوت عطا کرے۔ نئے عہدنامہ میں کئی مثالیں ملتی ہیں کہ لوگوں نے سیدنہ مولا یسوع المسیح کہ نام سے معجزات کئے۔
(لوقا 17:10)"وہ سَتّر خُوش ہو کر پِھر آئے اور کہنے لگے اَے خُداوند تیرے نام سے بدرُوحیں بھی ہمارے تابِع ہیں۔"
مزید دیکھیں (مرقس 6: 7۔13)،(مرقس 9: 38-39)،(اعمال 3: 1-10، 13-16)،(اعمال 4: 7-12)،
(اعمال 9: 33-35)،(اعمال 16: 16-18)
یہ تمام آیات میرے مولا کی الوئیت کو ثابت کرتی ہیں کیونکہ  پوری کتابِ مقدس میں ایک بھی مثال نہیں ملتی جہاں کسی شخص نے  نبیوں ، رسولوں یا اولیاء کے نام پر معجزے کئے ہوں۔
اگرچہ یہ سچ ہے کہ مخصوص انبیاء نے کچھ ایسے ہی معجزے کئے جو سیدنہ مسیح سلام و علینہ نے کئے، لیکن کسی بھی نبی نے اتنے معجزے نہیں کیے جتنے مسیح نے کئے۔
کلامِ مقدس بتاتا ہے کہ "اُنہوں نے اِس بات کی تحقیق کی کہ مسیح کا رُوح جو اُن میں تھا۔۔۔۔۔" (1-پطرس11:1) کن میں تھا؟ یہاں نبیوں کی بات ہو رہی ہے کہ مسیح کا روُح نبیوں میں تھا تو یہاں میں اپنے ایمان سے کہتا ہوں کہ جو بھی کام نبیوں نے کئے وہ نبیوں نے اپنی قُوت یا اختیار سے نہیں بلکہ مسیح کے وسیلہ سے کئے اگر مسیح اُن میں نہ ہوتا تو وہ کوئی معجزات نہیں کر سکتے تھے۔
ایک آخری بات کہ میرے میرے مولا نے کہا جہاں دو یا تین میرے نام سے جمع ہونگے میں اُن کے درمیان میں ہوں۔ میرے عزیزوں یہ دعوہ نہ کسی نبی نے کیا اور نا کرسکتا ہے کیونکہ یہ صفت سوائے رب العزت کی ذات کے اور کسی کے پاس نہیں۔اور یسوع نے سولی پے مرتے ڈاکو کو کہا کہ تو آج ہی میرے ساتھ فردوس میں ہوگا۔ میرے عزیزوں کوئی نبی کسی کو فردوس میں نہیں لے جا سکتا یہ کام صرف فردوس کا مالک ہی کر سکتا ہے۔اور بھی میرے مولا کی خُدائی کے بارے میں کئی باتیں ہیں جن کا آپ کلامِ مُقدس میں مطالعہ کر سکتے ہیں۔ تو میرے عزیزوں میرے مولا کے قدموں میں آکر اپنا نام کتاب حیات میں لکھوائںیں۔ خُداوند آپ سب کو برکت دے۔ آمین۔
مسیح میرے پہچاب ہے 
مُبشر جیفی یوسف مسیح